ماسکو (نیوز ڈیسک)روس میں ایک رہائشی عمارت میں گیس دھماکے کے باعث چار افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق علاقائی گورنر سرگئی یاسٹر یوف نے بتایا کہ یاروسلاول میں رہائشی عمارت میں گیس دھماکے کے باعث بدقسمتی سے چار افراد ہلاک جبکہ نو زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال داخل کر دیا گیا۔ دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔علاقائی گورنر کا کہنا تھا کہ ابھی تک صورتحال واضح نہیں ہے ملبے تلے مزید لاشیں دبی ہو سکتی ہیں جبکہ ہنگامی حالت سے متعلق وزارت کے ایک ذریعہ نے سرکاری تاس نیوز ایجنسی کو بتایا کہ 9زخمی افراد کو وسطی روسی شہر میں دھماکے کے بعد ہسپتال پہنچایا گیا ہے جس کے نتیجے میں تقریباً15اپارٹمنٹس کو نقصان پہنچا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر 550امدادی کارکن اور 130گاڑیاں روانہ کی گئیں جبکہ اس حوالے سے فوجداری تحقیقات شروع کردی گئی ہیں کہ آیا حفاظتی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے ، روس میں گیس دھماکے عام ہیں ، آخری مرتبہ سنگین ترین واقعہ فروری2012ءمیں جنوبی شہر ایستراخان میں پیش آیا تھا جس میں 10افراد ہلاک ہوگئے تھے اور 9منزلہ عمارت مکمل تباہ ہو گئی تھی ، دسمبر میں جنوبی شہر وولگو گراد میں اسی طرح کے دھماکے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔