اسلام آباد (نیوز ڈیسک)شام کے شمال مغربی علاقے میں دو ہسپتال فضائی حملوں کی زد میں آ گئے ہیں جس کی وجہ سے18افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ترکی کی سرحد کے ساتھ شامی علاقے اعزاز میں ایک ہسپتال کی عمارت پر ہونے والے بم حملے میں کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔عالمی تنظیم میدساں سان فرنتیر سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ماریت ال نعمان کے علاقے میں فضائی حملے کے بعد سے اس کے عملے کے آٹھ افراد لاپتہ ہیں لیکن اس نے اس فضائی حملے کا ذمہ دار کسی کو نہیں ٹھہرایا۔یہ فضائی حملے روس اور دیگر عالمی طاقتوں کے درمیان شام میں جنگ بندی پر اتفاق ہونے کے چند دن بعد ہوئے۔ شام میں گذشتہ پانچ سال سے جاری خانہ جنگی میں ڈھائی لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔