واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ داعش کے سابق سینیئر رہنما کی بیوہ کے خلاف ایک امریکی یرغمالی کی ہلاکت کی سازش میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی شہری کیلا میولر کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ حلب میں اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی تھیں جبکہ گزشتہ سال شام میں ان کی موت ہو گئی۔ داعش کے سابق سینیئر رہنما ابوسیاف کی بیوہ 25 سالہ نسرین اسد ابراہیم بہار کو ام سیاف کے نام سے بھی جانا جاتا ہے اور وہ اس وقت عراق میں زیرحراست ہیں۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ ام سیاف نے میولر کو قید میں رکھا تھا اور داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو بار بار ان کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی اجازت دی تھی۔ ام سیاف کے خاوند، ابو سیاف کو ایک حلف نامے میں داعش کے تیل اور گیس کا وزیر بتایا گیا تھا جو کہ براہ راست بغدادی کو جوابدہ تھے۔