انقرہ(نیوز ڈیسک) بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں نکلے تارکین وطن کی کشتی ترکی کے ساحل کے قریب الٹ گئی جس میں 12 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 26 کوبچا لیا گیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تارکین وطن کو لے کرک کشتی یونان کی جانب روانہ تھی کہ ترکی کے ساحل ازمیر کے قریب الٹ گئی جس کے نتیجے میں کشتی میں سوار 12 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 5 بچے بھی شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کے فوری بعد ترک کوسٹ گارڈ نے امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا جس میں 26 افراد کو بچالیا گیا جب کہ دیگر ڈوبنے والے افراد کی ہیلی کاپٹر اور کشتیوں کے ذریعے تلاش جاری ہے۔کوسٹ گارڈز حکام کا کہنا ہے تارکین وطن عراق سے یونان کی طرف جا رہے تھے لیکن کشتی گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے کی وجہ سے الٹ گئی جب کہ واقعے میں مزید افراد کی ہلاکتوں کا خدشہ ہے