نئی دہلی (نیوز ڈیسک )بھارت نے پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کو جواز بنا کر پاکستان کے ساتھ سرحد پر لیزروال قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ بھارت کے این ڈی ٹی وی نے بھارتی وزارت داخلہ حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ لیزوروال پاک بھارت سرحد کے 40سے زائد مقامات پر لگائی جائینگی ۔کہا گیا ہے کہ پاکستانی پنجاب اور بھارتی پنجاب کے درمیان واقع سرحد پر لیزر وال ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی کی جائے گی تاکہ پاکستان کی جانب سے کوئی دہشتگرد گروپ انٹرنیشنل سرحد کو عبور نہ کر سکے اور ایسے واقعات کو ختم کیا جا سکے ۔ ابھی 40مقامات میں سے صرف 5سے 6مقامات ایسے ہیں جہاں لیزر وال کی بدولت سرحدی نگرانی کی جا رہی ہے ۔دریاؤں میں لیزروال کی خلاف ورزی کی صورت اونچی آواز میں سائرن بجنے لگتا ہے ۔ دوسری جانب بھارتی سرحدی فورس (بی ایس ایف )نے نہ صرف پاکستانی پنجاب کی سرحد کے ساتھ بھارتی سرحدی علاقوں میں سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا دی ہے بلکہ کشتیوں کے ذریعے پٹرولنگ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ لیزر وال ایک ایسا نظام ہے جس کے تحت لیزر وال اور ڈٹیکٹر کے درمیان سے کوئی گزرے تو سائرن بجنا شروع ہو جاتا ہے ۔