امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سال 2015 کے سب سے جھوٹے شخص قرار
24
دسمبر 2015
واشنگٹن(آئی این پی) امریکی ویب سائٹ نے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کو سال 2015 کا سب سے جھوٹا شخص قرار دیدیا۔ویب سائٹ فیکٹ چیک کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد مرتبہ حقائق کو جھٹلایا اورتاریخ کو مسخ کرتے ہوئے اس سال 76 فیصد سفید جھوٹ بولے، صرف یہی نہیں بلکہ وہ اپنی من گھڑت باتوں کے جھوٹ ثابت ہونے کے باوجود اس پر ڈھٹائی کے ساتھ قائم رہے۔ ویب سائٹ کے مطابق اسے اس قسم کا تجزیہ کرتے ہوئے 12 سال ہوچکے ہیں تاہم انہوں نے اب تک ایسے نتائج نہیں دیکھے۔ویب سائٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا سب سے بڑا جھوٹ ان کے اس بیان کو قرار دیا گیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ 11 ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر حملے کے بعد نیو جرسی میں مسلمان جشن منارہے تھے، ایک اور جھوٹے بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتخابی مہم کے تمام اخراجات وہ خود اٹھارہے ہیں جب کہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی مہم کے 50 فیصد اخراجات ان کے حمایتیوں نے چندے کے طور پر دیئے۔ایک موقع پر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں اس وقت کوئی ملازمت نہیں جب کہ اس وقت 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع دستیاب تھے۔ اس کے علاوہ بھی ٹرمپ نے دیگر جھوٹے بیانات دیئے جن میں امریکی صدر باراک اوباما پر اسلحہ قانون پاس نہ کرنے کا الزام اور شامی پناہ گزینوں کے حوالے سے غلط حقائق پیش کرنا شامل ہیں۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ان کے متنازعہ خصوصاً مسلم مخالف بیانات کی وجہ سے امریکا سمیت دنیا بھرمیں شدید تنقید کا سامنا ہے اسی وجہ سے برطانیہ میں ان کے داخلے پر پابندی سے متعلق ایک پٹیشن پر ایک لاکھ سے زائد افراد دستخط کرچکے ہیں جب کہ خلیجی ممالک میں ڈونلڈ کی کمپنی کی مصنوعات کی فروخت بھی روک دی گئی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں