ماسکو(نیوزڈیسک)روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے ترکی پر زور دیا ہے کہ وہ شام اور ترکی کی سرحد پر روسی جنگی طیارے کو نشانہ بنانے پر معافی مانگے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں روسی صدر نے کہا کہ واقعے کو دو دن گزر جانے کے باوجود ترکی کی طرف سے نہ تو معافی مانگی گئی ہے اور نہ ہی نقصانات کی تلافی کرنے کی پیشکش سامنے آئی ہے۔یادرہے کہ روس نے ترکی سے ہر قسم کے عسکری تعلقات بھی منقطع کر لیے ہیں اور کہا ہے کہ وہ شام میں اپنا جدید ترین اینٹی ائرکرافٹ میزائل نظام بھیج رہا ہے تاکہ اس کے طیاروں کے لیے خطرہ بننے والے کسی بھی ہدف کو تباہ کیا جا سکے۔جمعرات کو روس نے ترکی سے اقتصادی تعلقات پر بھی نظرِ ثانی کا فیصلہ کرتے ہوئے ترکی سے درآمد ہونے والی خوراک اور زرعی اشیا پر سخت کنٹرول لاگو کرنے کا اعلان کیا ہے۔اس صورتحال میں امریکہ، یورپی یونین اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔