نئی دہلی(نیوزڈیسک) خطے میں ہتھیاروں کے عدم توازن میں پیش پیش رہنے والے بھارت کا جنگی جنون بھی بڑھتا جارہا ہے جس کا ثبوت ایک ہی ہفتے میں 2 میزائل کے تجربے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق جوہری ہتھیارلے جانے والے میزائل پرتھوی 2 کا تجربہ ریاست اڑیسہ کے علاقے چندی پور کی ٹیسٹ رینج میں کیا گیا۔ بھارتی اسٹریٹیجک فورس کمانڈ کے تحت کیے گئے اس میزائل تجربے کا مقصد بھارتی فوج کے آزمائشی پروگرام کا حصہ بتایا گیا ہے۔ بھارتی وزارت دفاع کے ذرائع کے مطابق پرتھوی 2 میزائل 500 سے ایک ہزار کلو گرام روایتی اور ایٹمی وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور 350 کلو میٹر تک زمین سے زمین تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی بھارت نے اڑیسہ ہی میں ایڈوانس ایئر ڈیفنس سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کے متعلق بھارتی میڈیا کا دعویٰ تھا کہ اس سپر سونک انٹرسپٹر میزائل کو متعدد ٹریکنگ سسٹم کا جائزہ لینے کے بعد بھارت میں ہی تیار کیا گیا ہے۔بھارتی دفاعی ماہرین کے مطابق بھارت کامیزائل کایہ تجربہ بھی ناکام رہاہے اوربھارت خطے میں بالادستی کی جوکوشش کررہاہے وہ خطے میں شدید خطرات پیداکرے گی ۔ماہرین نے کہاکہ پاکستان کے پاس بھارت کے مقابلے میں کئی گناجدید ٹیکنالوجی ہے جس کابھارتی فوج کسی صورت مقابلہ نہیں کرسکتی ہے ۔