ریاض (نیوزڈیسک) کعبۃ اللہ کی زیارت کو جانے والوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے کہ بیت اللہ کے گرد طواف کے لئے مخصوص جگہ مطاف کا توسیعی تعمیراتی کام تین سال مسلسل جاری رہنے کے بعد اب تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔نیوز سائٹ البوابا نے مکہ ڈیلی کے حوالے سے بتایا ہے کہ مطاف کے توسیعی کام کو فائنل ٹچ دینے کے لئے تقریباً 35 ہزار افراد کام کررہے ہیں۔ آخری مرحلے میں لائٹیں نصب کی جارہی ہیں، ساﺅنڈ سسٹم کی تنصیب کی جارہی ہے جبکہ کولنگ کے خصوصی انتظامات بھی مکمل کئے جارہے ہیں۔مسجد میں کنگ عبداللہ گنبد کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے، جسے دنیا کے سب سے بڑے گنبدوں میں سے ایک قرار دیا جارہا ہے۔ تعمیراتی کام کے آخری مراحل میں سنگ مرمر کے کام اور آرائش و زیبائش کے ماہر کاریگر بھی مصروف عمل ہیں جبکہ موسمیاتی سائنس کے ماہرین بھی مسجد الحرام میں درجہ حرارت کو موزوں ترین سطح پر رکھنے کے لئے کئے گئے انتظامات کا اختتامی جائزہ لے رہے ہیں۔ توسیعی کام مکمل ہونے کے فوری بعد مسجد الحرام کے چاروں کونوں پر فلائی اوورز کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔