ماسکو (نیوز ڈیسک) روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیرین دوما کے سپیکر سرگئی ناریشکین نے شام کے نائب وزیر اعظم، وزیر خارجہ ولید معلم سے ملاقات میں کہا ہے کہ روس اس بات کے قطعی خلاف ہے کہ کسی ملک کی حکومت میں غیر ملکی طاقتوں کی خواہش پر تبدیلی آئے۔ انہوں نے کہا ضروریہے کہ شام کے عوام خود اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں اور اپنی حکومت کا انتخاب کریں۔ روس سمجھتا ہے کہ شام میں امن کی بحالی کی خاطر تمام ملکی سیاسی قوتوں کے درمیان مذاکرات کیلئے زمین ہموار کرنا اہم ہے اور روسی قیادت اس میدان میں سرگرم کوششیں کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ روس شام کی حمایت کرنے والے بین الاقوامی گروپ کے قیام کو بڑی اہمیت دے رہا ہے۔