واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکہ کے صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ بہت ہوچکا اب داعش کو مزید بردشت نہیں کیا جائے گا۔ اپنے فرانسیسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں باراک اوباما نے کہا کہ سانحہ فرانس پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ 65ممالک داعش کے خلاف اکٹھے ہوچکے ہیں اور اس کا خاتمہ کر کے ہی دم لینگے۔انہوں نے کہا کہ پیرس پر حملے ہماری سوسائٹی پر حملے ہیں۔ ہم ان حملوں کو ایسا ہی سمجھتے ہیں جیسے نائن الیون حملوں کو سمجھتے تھے۔ہم اپنی سرحدیں بچانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرینگے۔دہشتگرد ہمیں ہرا نہیں سکتے۔انہوں نے کہا کہ شام کے معاملے میں روس کی مدد درکار ہے۔اس موقع پر فرانس کے صدر نے کہا کہ باراک اوباما اور امریکی عوام کی طرف سے یکجہتی کا اظہار کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔ دہشتگرد جان لیں ہم ان کا ہر جگہ پیچھا کرینگے۔ہم ان کو اپنی دنیا بدلنے کی اجازت نہیں دینگے۔دونوں رہنماوں نے داعش کیخلاف حملے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔