ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈ ا میں ،عام انتخابات میں لبرل پارٹی نے حکمراں جماعت کنزرویٹیو کو واضح شکست دے دی ،جسٹن ترودو اگلے وزیر اعظم ہوں گے ۔لبرل پارٹی کی پاکستانی نژاد دونوں خواتین امیدوار جیت گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کینیڈا میں پارلیمانی انتخابات کے بڑے معرکے میں مقابلہ حکمراں جماعت کنزرویٹوو پارٹی آف کینیڈا اور لبرل پارٹی آف کینیڈا کے درمیان تھاحکومت قائم کرنے کےلئے پارلیمنٹ میں 170 نشستوں کے ساتھ اکثریت ضروری تھی اور لبرل پارٹی 338 مجموعی نشستوں میں سے اب تک کے نتائج کے مطابق 189 سیٹیں حاصل کر چکی ہے اور کنزرویٹوو پارٹی 91 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔اسٹیفین ہارپر نے انتخابات کے نتائج کو قبول کرتے ہوئے لبرل پارٹی آف کینیڈا کے جسٹن کو مبارک باد پیش کی۔جسٹن ترودو کینیڈا کے سابق مرحوم وزیر اعظم پائررترودو کے بیٹے ہیں ۔پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں موجودہ وزیر اعظم اور کنزرویٹوو پارٹی آف کینیڈا کے سربراہ اسٹیفین ہارپر شکست کے بعد پارٹی کی سربراہی سے مستعفی ہوجائیں گے۔