اسلام آباد(نیوز ڈیسک) ا یران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکہ کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران جنگ نہیں چاہتا مگر تہران پر حملہ کیا گیا تو دشمن کو ناک رگڑنے پر مجبور کردیں گے۔ایرانی رہبر اعلیٰ کا دھمکی آمیز بیان حال ہی میں ایک ویڈیو فوٹیج میں سامنے آیا ہے۔ ویڈیو میں پہلے تو امریکی صدر باراک اوبامہ کی تقاریر کے کچھ اقتباسات پیش کیے گئے ہیںجن میں اوباما نے کہا کہ ایران کو جوہری طاقت بننے سے ہر صورت میں روکنا ہے اگر بات چیت سے کام نہ بنا تو تہران کے خلاف فوجی طاقت کا آپشن موجود ہے۔امریکی صدر کے بیانات کے ردعمل میں آیت اللہ خامنہ ای کی تقریر کے کچھ حصے پیش کیے گئے ہیں جس میں انھوں نے امریکا کو خبر دار کیا ہے کہ حملہ کرنے سے پہلے امریکا اپنے انجام کو ذہن میں رکھے۔ایرانی سپریم لیڈر کے دھمکی آمیز بیان پر مبنی بیان کو امریکی میڈیا میں بڑے پیمانے پر نشرکیا گیا۔ اس ویڈیو کو امریکی ری پبلکن پارٹی کے سیاست دان باراک اوبامہ کے خلاف اور تہران کے ساتھ جوہری معاہدے کی مخالفت میں استعمال کررہے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں