اسلام آباد(نیوز ڈیسک)امریکا کے سابق سینیٹر مائیک گریول Gravel نے صدر بارک اوباما سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مائیک گریول نے یہ اپیل نیویارک میں نیوز کانفرنس کے دوران کی جس میں مختلف موضوعات پر بات کی گئی۔انہوں نے عافیہ صدیقی کو سزا سنانے والے جج رچرڈ برمن کو احمق قرار دیتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی نے کوئی جرم نہیں کیا۔ یہ مقدمہ بڑی ناانصافیوں میں سے ایک ہے۔سابق امریکی سینیٹر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام زور و شور سے عافیہ کی رہائی کا مطالبہ کرتے رہے ہیں۔ عافیہ اپنے بچوں اور گھر سے دور ہے ، اسے بے انتہا نقصان پہنچ چکا ہے۔ مائیک گریول نے صدر اوباما سے جذباتی اپیل کی کہ عافیہ صدیقی کو معافی دے کر پاکستانی عوام کو اچھا پیغام دیا جاسکتا ہے۔