تہران (نیوزڈیسک)ایرانی پارلیمنٹ عالمی طاقتوں سے ہونے والے ایٹمی معاہدے کی حتمی منظوری کے اختیار سے دستبردار ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ میں پیش کیے گئے بل کے حق میں 199ووٹ ڈالے گئے۔ 3ارکان نے مخالفت اور 6ارکان نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ بل کی منظوری کے بعد اب عالمی طاقتوں سے ہونے والے کسی بھی ایٹمی معاہدے کو ایرانی پارلیمنٹ میں ویٹو نہیں کیا جاسکے گا، بلکہ حتمی فیصلے کا اختیار سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے پاس چلا گیا ہے۔ یہ کونسل وزرا، فوجی کمانڈرز پر مشتمل ہے، جنہیں سپریم لیڈر علی خامینی نے مقرر کیا ہے۔اس سے قبل خطرہ تھا کہ ایٹمی معاہدے پر عالمی طاقتوں کی جانب سے سخت شرائط کی صورت میں بل ایرانی پارلیمنٹ میں منظور نہیں ہوسکے گا۔ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان ایٹمی معاہدے کی حتمی تاریخ30 جون ہے۔