اسلام آباد (نیوزڈیسک) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اسلام امن کا مذہب ہے ، اسلام میں فتنہ و فساد کی کوئی گنجائش نہیں،ضرورت اس بات کی ہے کہ اسلام کا صحیح تصور اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور رابطہ عالم اسلام کانفرنس میں شریف مندوبین کے اعلیٰ سطح وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب امن کے قیام کے لئے اپنا بہترین کردارادا کررہا ہے،رابطہ عالم اسلام بین الاقوامی کانفرنس اس ضمن میں اہم پیش رفت ہے۔ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزنے کہا کہ رابطہ عالم اسلام کانفرنس میں پوری دنیا کے اسلامی ممالک کے مبلغین ، دانشوروں کا جمع ہونا اور دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم ایک اہم کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہر ایک انفرادی طور پر اپنی ذمہ داری پوری کرے تو سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے اسلامی ممالک کی سطح پر مستقل کمیٹی تشکیل دی جائے ، پاکستان دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار رہا ہے ،اس کے با وجودپوری قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔اسلامی ممالک کے باہمی اختلافات کم کرنے کی کوششیں تیز ہونی چاہئیں۔