ماسکو (نیوز ڈیسک) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے مغربی ممالک کو متنبہ کیا ہے کہ وہ روس پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے سے باز رہیں اور اپنی توجہ کو یوکرین میں جنگ بندی پرمرکوز کریں۔ روسی وزیر خارجہ نے ماسکو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک کی جانب سے روس پر مزید پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مشرقی یوکرین میں ہونے والی جنگ بندی سے خوش نہیں ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکیاں یوکرین جنگ بندی کے معاہدے پر عملدرآمد سے توجہ ہٹانے کی کوششوں کاحصہ ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یورپ اور امریکا یوکرین میں قیام امن کیلئے منسک میں طے پانے والے معاہدے کو سبوتاز کرنے کی کوششں کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کو دھمکیاں ایسے وقت میںدی جا رہی ہیں جب مشرقی یوکرین کے شورش زدہ علاقے میں یوکرینی افواج اور علیحدگی پسندوں کے درمیان جنگ بندی پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ علاقے میں موجود بعض صحافیوں نے باغیوں کو توپ خانے فرنٹ لائن سے پیچھے منتقل کرتے دیکھا ہے لیکن وہاں پر تعینات یورپی مبصرین نے تا حال اس انخلا کی تصدیق نہیں کی ہے ۔