عراق کے دارالحکومت بغداد میں خود کش حملے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد کے مصروف ترین علاقے قدیمیہ میں خود کش حملہ آور نے خود کے ہوٹل کے قریب دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 14 افراد موقع پر ہی ہلاک جب کہ 43 زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے بعد فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق حملہ آور قدیمیہ کے مصروف ترین ایڈن اسکوائر کو دھماکے سے اڑانا چاہتا تھا تاہم جلد بازی میں حملہ آور نے خود کو ہوٹل کے قریب مجمع میں دھماکے سے اڑا لیا۔
دوسری جانب وزارت داخلہ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی جبکہ دہشتگردوں کی جانب سے عوام کو خوفزدہ کرنے کے لئے حملے کئے جارہے ہیں اور دو روز قبل جدیدہ کے علاقے میں ہونے والا حملہ بھی اسی کی کڑی تھا۔
واضح رہے کہ عراقی حکومت نے عوام کو تحفظ کا احساس دلانے کے لئے گزشتہ روز دارالحکومت بغداد میں 12 سال سے عائد کرفیو اٹھانے کا اعلان کیا تھا جبکہ کرفیو اٹھانے کے اعلان سے ایک روز قبل بھی خود کش حملہ آور نے جدیدیہ کے مقام پر ہوٹل میں داخل ہوکر خود کو دھماکے سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔