خرطوم(این این آئی) سوڈانی دارالحکومت کے پارک موجود غذائی قلت کے شکار 5 شیروں کی زندگی بچانے کے لیے آن لائن مہم شروع کردی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے پارک میں موجود 5 افریقی شیر شدید غذائی قلت اور دوا کی عدم موجودگی کا شکار ہیں جس کے باعث یہ شیر انتہائی لاغر ہوچکے ہیں۔سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے لگائی گئی
شیروں کی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کم خوراکی یا غذائی قلت کے باعث ان شیروں کی ہڈیاں نظر آرہی ہیں اور کھال ہڈیوں سے چپک گئی ہے۔صارف نے شیروں کی تصویروں کے ساتھ جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والے اداروں اور جانوروں میں دلچسپی لینے والے لوگوں سے مدد کی اپیل بھی کی۔پارک انتظامیہ کا کہناتھا کہ شیروں کی حالت گزشتہ چند ہفتوں میں خراب ہوئی جن میں سے کچھ شیروں کا دو تہائی تک وزن گر چکا ہے۔پارک انتظامیہ کے مطابق شیروں کو کئی قسم کی بیماریاں ہیں، ان کے لیے غذا بھی ہر وقت دستیاب نہیں ہوتی اور کئی بار انہیں اپنی جیب سے پیسے خرچ کرکے ان کے لیے غذا خریدنا پڑتی ہے۔ خرطوم میں واقع اس پارک کو شہر کی میونسپل کارپوریشن چلاتی ہے جب کہ اسے نجی طور پر فنڈنگ بھی کی جاتی ہے۔شیروں کی تصاویر سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد نے پارک کا رخ کیا جہاں شہریوں نے ان شیروں کو رسیوں سے باندھا اور ڈرپ کے ذریعے انہیں خوراک فراہم کی۔