اسکاٹ لینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا میں اس وقت بے شمار ایسی ڈشز کھائی اور بنائی جاتی ہیں جنہیں تیکھی اور تیز ترین کہا جاسکتا ہے، لیکن کیا آپ جانتے ہیں اس فہرست میں ایک آئسکریم بھی شامل ہے؟ آئسکریم کا نام سنتے ہیں ذہن میں ایک میٹھی اور ٹھنڈی سی شے کا تصور ابھرتا ہے۔
جو دل و دماغ کو پرسکون کردیتا ہے، تاہم اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں ایسی آئسکریم دستیاب ہے جسے مرچوں سے تیار کیا جاتا ہے۔ اور یہ آئسکریم عام مرچوں سے تیار نہیں ہوتی، بلکہ اس کے لیے خاص قسم کی ’کیرولینا ریپرز‘ نامی مرچیں استعمال کی جاتی ہیں جنہں دنیا کی تیکھی ترین مرچیں مانا جاتا ہے۔ مرچوں کا تیکھا پن ناپنے والے اسکیل یعنی اسکوول یونٹ پر اس کی درجہ بندی 15 لاکھ 69 ہزار 300 یونٹ کی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ اس آئسکریم کو کھانے کے لیے آپ کا 18 سال سے زائد عمر کا ہونا ضروری ہے۔ اور صرف یہی نہیں، اگر آپ اس آئسکریم کو چکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے پہلے آپ کو ایک دستاویز پر دستخط کرنا ہوں گے جس کے مطابق آئسکریم کھانے کے بعد کسی انجری، بیماری حتیٰ کہ موت کی بھی ذمہ دار ریستوران انتظامیہ نہیں ہوگی۔ ’شیطان کی سانس‘ کہی جانے والی اس آئسکریم کی تیاری کے وقت عملے کو موٹے دستانے پہننے پڑتے ہیں تاکہ وہ اس کے تیکھے پن سے محفوظ رہ سکیں۔ کیا آپ اس آئسکریم کو چکھنے کی ہمت کرسکتے ہیں؟