دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی نوجوان آرٹسٹ نے ایمرٹس ائیر لائن کے طیارے کو ہیروں سے مزین کر کے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی کے جہاز کی ایک تصویر وائرل ہوئی جو رن وے پر کھڑا ہوا تھا، حیران کن بات یہ تھی کہ یہ طیارہ عام نہیں بلکہ قیمتی ہیرے جواہرات سے مزین تھا۔ ایمرٹس ائیرلائن نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ
پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ بوئنگ 777 طیارہ ہے‘۔ ائیرلائن کی طرف سے ایک اور ایسا ٹویٹ کیا گیا جس میں تصدیق کا عنصر شامل تھا۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ تصویر سب سے پہلے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سارا شکیل نامی خاتون نے کی جو پاکستان سے تعلق رکھتی ہیں، سوشل میڈیا صارفین نے تصویر کو بہت پسند کیا اور یہ وائرل ہوگئی۔ ایمرٹس ایئر لائن کے علم میں جب یہ بات آئی تو انہوں نے بھی تصویر اپنے سوشل میڈیا فارم پر شیئر کردی تاکہ لوگ متاثر ہوں۔ سارا نے ایک اور تصویر اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی جس میں انہوں نے دکھایا کہ چائے کے کپ سے ہیرے باہر نکل رہے ہیں، انہوں نے تاثر دیا کہ یہ جہاز کے اندر کی تصویر ہے۔ گلف نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایمرٹس ایئر لائن نے اس بات کی تصدیق کی کہ اُن کے پاس اس طرح کا کوئی قیمتی جہاز موجود نہیں البتہ یہ تصویر پاکستانی آرٹسٹ کا کاررنامہ ہے۔ رپورٹ کے مطاپق سارا شکیل دانتوں کی ڈاکٹر ہیں اور وہ بہت اچھی آرٹسٹ بھی ہیں، سارا اپنے آرٹ کی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے صارفین بہت پسند کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اُن کے فالوورز کی تعداد پانچ لاکھ تک پہنچ گئی۔ خاتون کا کہنا تھاکہ میں نے گلیٹر اور چمک استعمال کر کے جہاز کو ایسا بنایا، لوگ سمجھ رہے ہیں کہ شاید یہ ہیروں سےمزین طیارہ ہے مگر ایسا ہرگرز نہیں ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اپنے آرٹ میں ہیروں اور جواہرات کا تاثر دینے کی کوشش کرتی رہتی ہوں۔