فیصل آباد(این این آئی)مزارعے کی بیٹی کو داخل کرانے گئے بوڑھے شخص نے یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا میڈیا رپورٹ کے مطابق فیصل آباد شہر کے رہائشی 72سالہ مقبول احمد کو انٹرمیڈیٹ کے 50سال بعد گریجوایشن کرنے کا شوق پیدا ہو گیا جس نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا ۔
مقبول احمد نے بتایا کہ وہ اپنے مزارعے کی بیٹی کو یونیورسٹی میں داخل کرانے گیا تو اسے بھی تعلیم کا شوق پیدا ہوا اور یونیورسٹی انتظامیہ سے داخلے کی درخواست کر دی جنہوں نے مجھے داخل کر لیا ۔اس نے مزید بتایا کہ ایف اے کرنے کے بعد اس کی تعلیم بھی خاندانی دشمنی کی بھینٹ چڑھ گئی مگر اب وہ ان مسائل سے نکل چکا ہے اور گریجوایشن کرنے کیلئے زیر تعلیم ہے ۔مقبول احمد گریجویشن کے بعد پی ایچ ڈی کرنے اور اپنے گاوں میں غریب بچوں کیلئے ایک ویلفیئرسکول قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں ،ان کا کہنا ہے اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلانے کے بعد ا ب وہ خود اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے راستے پر چل پڑے ہیں۔’’ میری خواہش ہے میں بی اے کے بعد پی ایچ ڈی کروں اور گاوں میں ایک جدید سکول بناوں جس کا سلیبس انگریزی میں ہو‘‘۔