اسلام آباد (این این آئی)قرآن شریف سے والہانہ محبت کا اظہار صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے علاقے کورنگی کی رہائشی 31 سالہ زمرد خاتون نے کیا۔زمرد خاتون نے 7 سال 6 ماہ کی مسلسل محنت کے بعد ہاتھ سے کی گئی کڑھائی سے قرآن مجید کا نایاب نسخہ تیار کیا، جو سوتی کے کپڑے پر تیار کیا گیا۔
زمرد خاتون کی جانب سے کڑھائی سے تیار کیا گیا قرآن مجید کا نسخہ دنیا میں وہ پہلا نسخہ ہے، جو ہاتھ کی کڑھائی سے تیار کیا گیا۔ زمرد خاتون نے نہ صرف قرآن مجید کے 30 پاروں کو کڑھائی سے تیار کیا بلکہ انہوں نے قرآن مجید کا مستند اردو ترجمہ بھی تیار کیا۔زمرد خاتون کی جانب سے تیار کیے گئے نایاب نسخے کا وزن 63 کلو گرام ہے۔اس نایاب نسخے میں قرآن کے تمام پاروں اور اوراق کو علیحدہ علیحدہ تیار کیا گیا ہے، جبکہ ہر ورق کو ہرے اور سنہرے دھاگوں کی کڑھائی سے دیدہ زیب بنایا گیا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ زمرد خاتون کی جانب سے تیار کیا گیا یہ نسخہ گزشتہ 1400 سال میں پہلا وہ نسخہ ہے، جو کسی خاتون کی جانب سے ہاتھ کی کڑھائی سے تیار کیا گیا ٗزمرد خاتون نے قرآن شریف کا یہ نسخہ رواں برس اپریل میں ہی مکمل کرلیا تھا۔زمرد خاتون نے نایاب نسخے کی تیاری پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس نسخے کی تیاری کے وقت ٹائم گزرنے کا احساس ہی نہیں ہوا۔