اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) سویڈن کی ایک پالسن نامی خاتون کی سولہ برس پہلے انگوٹھی گم ہو گئی ‘ اس نے شادی کی یہ انگوٹھی 1995ء میں کرسمس کا کیک بناتے وقت اتار کر کچن میں رکھ دی تھی لیکن پھر یہ کہیں کھو گئی ۔سفید سونے کی اس انگوٹھی میں کچھ ہیرے بھی لگے تھے۔ پالسن نے اس انگوٹھی کے ملنے کی امید کھو دی تھی ۔پالسن اور ان کے گھر والوں نے انگوٹھی کو بہت ڈھونڈا اور گھر کی مرمت کے دوران انگوٹھی کی امید میں سارے گھر کی ٹائلیں بھی ہٹوا دی تھیں لیکن پھر بھی انگوٹھی نہیں مل پائی لیکن کچھ دن پہلے جب اپنے گھر کے باغیچے میں وہ گاجر اکھاڑ رہی تھیں تو انہوں نے دیکھا کہ ایک گاجر پر ان کی انگوٹھی پھنسی ہوئی ہے۔گاجر انگوٹھی کے بیچ سے نکل رہی تھی اور پالسن اپنی انگوٹھی دیکھ کر حیران رہ گئیں۔