دوحہ (نیوز ڈیسک) قطر کے دارالحکومت دوحہ کے سٹی سینٹر سے قریباً 10 میل کے فاصلے پر واقع صنعتی علاقے میں چھوٹی ورکشاپیں اور فیکٹریوں کی ایک کثیر تعداد موجود ہے۔ اس علاقے میں غیر ملکی مزدوروں کی ایک بڑی تعداد کام کرتی ہے اور رہائش پذیر ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس علاقے میں قائم ایک چھوٹا سا بھارتی ریسٹورنٹ اس حوالے سے منفرد ترین ہے کہ یہ اپنے گاہکوں کو پیسے نہ ہونے کی صورت میں مفت کھانا فراہم کرتا ہے۔ 16 لوگوں کی گنجائش رکھنے والے اس ریسٹورنٹ میں فش کڑی کی قیمت 6 ریال، پالک پنیر 10 ریال اور انڈہ روسٹ 3 ریال میں ملتا ہے۔ ریسٹورنٹ کے مالک شاداب نے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ قطر میں بہت سے مزدوروں کو تنخواہیں وقت پر نہیں ملتیں اور اگر مل بھی جائیں تو اس قدر کم ہوتی ہیں کہ اس کا بڑا حصہ اپنے وطن بھیجنا پڑتا ہے۔