نئی دہلی (نیوز ڈیسک) بھارتی شہر بنگلور سے تعلق رکھنے والی نوجوان لڑکی گریجا سری نواس کو اگر قدرت کا حیرت انگیز کرشمہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔گریجا کی عمر 19 سال ہے لیکن ان کی جسامت محض ایک شیر خوار بچے کے برابر ہے۔ وہ پیدائشی طور پر ہی Congenital Agenesis نامی بیماری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کا قد محض اڑھائی فٹ ہے جبکہ وزن 12کلوگرام ہے۔ گریجا کا سر باقی جسم کے مقابلے میں اس قدر بھاری ہے کہ وہ کسی کی مدد کے بغیر اٹھ نہیں سکتی ہیں جبکہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنا سر تیزی سے موڑیں تو ان کی کوئی ہڈی ٹوٹ سکتی ہے۔ اس قدر نحیف جسم اور تکلیف دہ صورتحال کے باوجود گریجا انتہائی باہمت ہیں اور نہ صرف کسی کی مدد کی طالب نہیں ہیں بلکہ وہ پینٹنگز بنا کر پیچتی ہیں اور ماہانہ 8 سے 10 ہزار بھارتی روپے بھی کماتی ہیں۔ ان کے والد درزی ہیں جبکہ والدہ گھریلو خاتون ہیں اور ہمہ وقت ان کا خیال رکھتی ہیں۔