برلن (نیوز ڈیسک) لوگ اپنے وقت کو پرآسائش اور خوشگوار طریقے سے گزارنے کے لئے اچھے اچھے ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں لیکن جرمنی میں ایک ہوٹل اپنے گاہکوں کو جو سہولیات پیش کرتا ہے اس کا ناصرف آسائش سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ خاصی خوفناک بھی ہے۔
پروپیلر آئی لینڈ سٹی لاج نامی ہوٹل میں 31 کمرے ہیں جن میں مہمانوں کو سونے کے لئے بیڈ کی بجائے تابوت پیش کئے جاتے ہیں، کچھ سپیشل کمروں میں فضا میں جھولتے بیڈ بھی بنائے گئے ہیں، جبکہ کچھ کمروں کو حوالات کا روپ دیا گیا ہے۔
یہاں آنے والے مہمان روایتی ہوٹلوں کے برعکس یہاں قیام کے دوران قبرستان کی زندگی، جیل کی زندگی اور الٹی دنیا کی زندگی کا لطف لے سکتے ہیں، کیونکہ یہاں کچھ کمروں میں ہر چیز الٹی رکھی گئی ہے۔ ان کمروں میں سارا فرنیچر فرش کی بجائے چھت کے ساتھ الٹا لٹکا ہوا ہے یہاں تک کے بیڈ بھی الٹا ہے اور مہمان کو خود فیصلہ کرنا ہوگا کہ اس کمرے میں کیسے آرام کرے اور کیسے سوئے۔ ہوٹل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں توقع سے بہت زیادہ رسپانس مل رہا ہے اور ان کے منفرد ہوٹل میں قیام کے خواہشمندوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔