ژیجیانگ(نیوز ڈیسک) چین کے صوبے ژی جیانگ میں جانور کی وفاداری کا ایک انوکھا واقعہ سینکڑوں لوگوں نے دیکھا جب ایک کتا دو ہفتوں تک روڈ کی چنگی پر ہر آنے جانے والی کار کی جانب دوڑکر اس کے ڈرائیور کو دیکھتا کہ کہیں میرا مالک تو کار میں نہیں۔ بے قرار کتا عین اسی جگہ بیٹھا رہا کہ شاید اس کا مالک کبھی اسے لینے کے لیے آئے گا۔
برطانوی اخبار’ مرر‘ نے کتے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کو دل شکن قرار دیتے ہوئے اسے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کیا ہے۔ دن ہو یا رات کتا ہر آنے جانے والی کار کی جانب لپکتا دیکھا جاسکتا ہے کہ شاید اس کا مالک کار میں بیٹھا ہو۔ پھر مایوس ہوکر اسے پلٹتے اور سڑک کنارے بیٹھے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کتا اس وقت اپنے مالک کی گاڑی سے چھلانگ لگا کر باہر نکل آیا تھا جب اس کا مالک گاڑیوں کی قطار میں چنگی سے گزررہا تھا۔ بعد میں ایک پولیس افسر اسے اپنے گھر لے گیا اور چین میں سوشل میڈیا کے سب سے مشہور پلیٹ فارم وی چیٹ پر درخواست کی ہے کہ لوگ اس کے اصل مالک کو ڈھونڈنے میں مدد دیں۔ پولیس کے مطابق کتے کا ہر طرح سے خیال رکھا جارہا ہے اور اس کے گھر کی تلاش جاری ہے۔