اسلام آباد(این این آئی)اسلام آباد سمیت ملک بھر میں خناق، کالی کھانسی اور خسرے کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ۔
ملک بھر میں موسمی انفلوئنزا کے بڑھتے کیسز پر بھی قومی ادارہ صحت نے الرٹ جاری کر دیا ہے،متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ پر قومی ادارہ صحت نے 2 الگ الگ ایڈوائزریز جاری کی ہیں۔حکام نے بتایا کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال میں خناق کے کئی مریض زیرِ علاج ہیں، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالی کھانسی کے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جبکہ ملک بھر میں خسرے سے کئی سو بچوں کی اموات ہو چکی ہیں۔ویکسی نیشن کی ناکافی شرح پر ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
طبی ماہرین نے بتایا کہ بچوں کی ویکسی نیشن بڑھانے میں وفاقی اور صوبائی ادارے مؤثر کردار ادا نہیں کر سکے جبکہ سوشل میڈیا پر ویکسین کے خلاف منفی مہم روکنے میں بھی متعلقہ ادارے ناکام رہے۔



















































