اسلام آباد(این این آئی)وفاقی دارالحکومت کی فوڈ اتھارٹی نے شہر کی معروف بیکری کو غیرصحت مند حالات کی بنا پر سیل کردیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے بتایا کہ اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں معروف بیکری کو فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے دوران انسپکشن غیر صحت بخش حالات پر سیل کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بیکری آئٹمز کی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی جبکہ بیکری کو اس سے قبل کئی وارننگ لیٹرز بھی جاری کردیے گئے تھے۔ڈپٹی ڈائریکٹرفوڈ اتھارٹی کے مطابق حفظان صحت کے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، شہر بھر کے فوڈ پوائنٹس، ریسٹورنٹس اور بیکرز کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔