کراچی(این این آئی)ماہرین صحت نے کہاہے کہ ذیابیطس(شوگر)اور امراض قلب کے مریض بھی ماہ رمضان کے تمام روزے رکھ سکتے ہیں، لیکن اپنے معالج کے مشورے کے مطابق عمل کرنا ضروری ہے۔ماہ صیام مغفرت ، رحمت اور برکتوں کا مہینہ ہے ، مگر اکثر مریض لاعلمی کی وجہ سے اس ماہ مقدس کی برکتیں سمیٹ نہیں پاتے۔
متوازن غذا کا استعمال، ڈاکٹرزکی تجویز کردہ ادویات اور احتیاط کے ساتھ ذیابیطس اورامراض قلب کے مریض بھی ماہ صیام کے روزے رکھ سکتے ہیں لیکن انھیں روزہ رکھنے سے قبل اپنے معالج کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری ہے۔ڈاکٹرز ساجد علی خان نے کہاکہ ذیابیطس کے مریضوں کو مصنوعی اجزا سے بنے مشروبات، کولڈ ڈرنکس اور زیادہ میٹھے پھلوں سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان میں مریض تازہ پھلوں کا رس استعمال کریں، افطار سے سحر کے درمیان ڈاکٹرز کے مشورے سے ادویات وقت پر لیں۔انہوں نے کہاکہ امراض قلب کے مریض ہلکی غذا کا استعمال کریں، دل کے مریض باہر کی پکی مرغن چیزوں سے اجتناب کریں۔ماہرین کے مطابق ذیابیطس اور امراض قلب کے مریض اپنے روزے اچھی اور صحت مند غذا کے استعمال کیساتھ جاری رکھ سکتے ہیں۔