کراچی(این این آئی)ماہرین نے کہاہے کہ اگر آپ اپنے مسلز(پٹھوں)کو بڑھانا اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں تو ہرے پتوں والی سبزیوں کا باقاعدہ استعمال شروع کردیں۔ایڈتھ کووان یونیورسٹی(ای سی یو)کے سائنسدانوں نے جرنل آف نیوٹریشن
میں شائع رپورٹ میں اپنے سروے کی تحقیقات پیش کی ہیں۔رپورٹ میں کہاگیاہے کہ ہرے پتوں والی سبزیوں میں نائٹریٹ کی بہتات ہوتی ہے جو بالخصوص نچلے دھڑ کے پٹھوں کو مضبوط کرتے ہیں۔میلبورن میں واقع بیکرہارٹ اینڈ ڈائبیٹس انسٹی ٹیوٹ نے 3759افراد کا 12 سال تک مطالعہ کیا۔ اس تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن افراد کے جسم میں نائٹریٹ کی مقدار ذیادہ رہی، دیگر افراد کے مقابلے میں ان کے پٹھے 11 فیصد زائد مضبوط تھے اور وہ دیگر سے 4فیصد تیزی سے چل پھر سکتے تھے۔سائنسدانوں کے مطابق بزرگ افراد کو اپنی خوراک میں سبز پتوں والی غذا کو بڑھانے کی ضرورت ہے جن میں پالک، سلاد اور چقندر بھی شامل ہیں۔لیکن سبزپتوں والی سبزیاں دل کے لیے بھی انتہائی مفید ثابت ہوسکتی ہیں کیونکہ یہ خون کی چھوٹی بڑی رگوں کو ہموار اور پرسکون رکھتی ہیں۔