قاہرہ (این این آئی)مصر میں ایک شخص نے ایک ڈاکٹر کی گاڑی محض اس لیے توڑ ڈالی کہ ڈاکٹر نے اس شخص کی بیوی کا اس کے گھر میںجا کر معاینہ کرنے سے انکار کردیا تھا۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ مصر کی بنی سویف گورنری کے شہر واسطی میں پیش آیا۔
مقامی ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا میں اس واقعے کی ایک فوٹیج بھی نشر کی گئی ہے جس میں ایک شخص کو ایک کار پر اندھا دھند پتھر مارتے اور لاٹھیوں سے اس کے شیشے توڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ایک مقامی شہری نے پوشیدہ امراض کے ماہر ڈاکٹر رفعت رمضان سے کہا کہ وہ اس کی بیمار بیوی کو اس کے گھر میں جا کر معائنہ کریں تاہم ڈاکٹر رمضان نے اس پر معذرت کی اور کہا اگر وہ گھر جا کر مریضہ کو دیکھیں گے تو انہیں اسپتال پہنچنے میں تاخیر ہوجائے گی۔ اس پر وہ شخص طیش میں آگیا اور اس نے ڈاکٹر کی گاڑی پر حملہ کرکے اس کی توڑ پھوڑ کی۔ڈاکٹر رفعت رمضان کی اہلیہ نیبتایا کہ ایک مقامی شہری نے اس کے شوہر سے کہا کہ وہ اس کے گھر میں جا کر اس کی بیمار بیوی کا معائنہ کریں مگر ڈاکٹر رمضان نے معذرت کی اور کہا کہ انہیں اسپتال پہنچنا ہے اور وہ گھر جا کر معائنہ نہیں کرسکتے۔ اس پر اس شخص نے سڑک پر کھڑی ان کی کار توڑ ڈالی۔