کراچی (مانیٹرنگ + آن لائن)وفاقی حکومت کی جانب سے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے فراہم کی جانے والی کورونا ویکسین سے سیاسی خاندان مستفید ہونے لگے۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر کی فیملی کی کورونا ویکسین لگوانے کی تصاویر شیئر کر دیں، انہوں نے
اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ مافیا جس نے کورونا پر سب سے زیادہ سیاست کی آج بھی انہیں فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے زیادہ اشرافیہ کی فکر ہے، فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز سے پہلے وفاق کی طرف سے دی جانے والی ویکسین کیا سیاسی خاندانوں کی فیملیوں کو لائی جا رہی ہے؟ پھر مراد علی شاہ کہتے ہیں ہم کسی کو جواب نہیں، شرمناک۔ معاملہ سامنے آنے پر سندھ حکومت نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلع شرقی کراچی ڈاکٹر انیلہ قریشی کو معطل کردیا ہے۔سندھ بھر میں کورونا ویکسینیشن کے پہلے مرحلے کے چوتھے روز سات ہزار سے زائد ورکرز کو ویکسین لگائی گئی، مجموعی طور پر چار دن میں پندرہ ہزار سے زائد ورکرز کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق خالق دینا ہال میں 912 اور جناح ہسپتال میں 329 ورکرز کو ویکیسن لگائی گئی۔ ضلع شرقی کے ڈاؤ ہسپتال میں 727 ورکرز کو ویکیسن لگائی گئی۔ ضلع غربی کے قطر ہسپتال میں 1608ورکرز کو ویکسین لگی۔ ضلع وسطی کے سندھ گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال میں 258 ورکرز کو لگائی گئی۔لیاقت آباد ہسپتال میں 431 اور نیوکراچی ہسپتال میں 310ورکرز کو ویکسین لگی۔ ضلع کورنگی میں سندھ گورنمنٹ ہسپتال کورنگی 5 میں 743ورکرز کو ویکسین لگائی گئی۔ ضلع ملیر میں 813ورکرز کو ویکسین لگائی گئی۔ آغاخان ہسپتال میں ایک
بھی ویکسین نہیں لگائی گئی۔دوسری جانب وزیرآباد میں کرونا ویکسین لگانے کا سلسلہ شروع کردیاگیا۔پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن طبی عملہ کو ویکسین دی گئی۔وزیرآباد میں ویکسین کا پہلا انجکشن آئی سرجن ڈاکٹر وقاص چیمہ کو لگایا گیا۔ مجموعی طور پر طبی عملہ کے 6افراد کو ویکسین دی گئی۔ ویکسی نیشن کی نگرانی تین رکنی میڈیکل ٹیم
نے کی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد کو ویکسین کے 500انجکشن دیئے گئے ہیں جو ڈی ڈی او (ہیلتھ) وزیرآباد ڈاکٹر اصغر نے وصول کئے۔پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن طبی عملہ کے 6افراد کو ویکسین دی گئی جس کی منظور ی پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب نے دی تھی۔ ویکسین کا پہلا ٹیکہ آئی سرجن ڈاکٹر وقاص چیمہ کولگایاگیا۔ دیگر طبی عملہ میں جن کو ویکسین دی گئی ان میں سرجن ڈاکٹر حبیب الرحمان، ڈینٹل سرجن ڈاکٹر قمر
حبیب، سرجن ڈاکٹر عمران،آئی ٹی انچارج جیکب اورڈسپنسر ممتاز شامل ہیں۔جن افراد کو ویکسین دی گئی ان کو آدھا گھنٹہ کے لئے نگرانی میں رکھا گیا تھا۔ویکسین لگانے کی نگرانی سی ای او (ہیلتھ) گوجرانوالا ڈاکٹر فرجاد بٹ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوجرانوالا ڈاکٹر صوفیہ بلال اور ویکسی نیشن انچارج میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر عمر راٹھور نے کی۔ویکسین لگانے کا فیصلہ نادرا کے تعاون سے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب کی منظوری کے بعد ہوگا۔