اسلام آباد(این این آئی)چین سے کورونا ویکسین کی پاکستان منتقلی کا پلان تبدیل کردیا گیا ہے جس کے تحت اب اس کے لیے پی آئی اے کی جگہ پاک فضائیہ کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق چین کی جانب سے عطیہ کی گئی کورونا ویکسین کو پاکستان لانے کے تمام انتظامات مکمل ہیں اور این سی او سی کی منظوری
کے بعد خصوصی طیارہ کل چین بھیجا جائے گا تاہم اب اس سلسلے میں پہلے سے تیار کئے گئے پلان میں تبدیلی کی گئی ہے اور اس سلسلے میں پی آئی اے کی جگہ پاک فضائیہ کی خدمات حاصل کر لی گئیں۔نئی حکمت عملی کے تحت پاک فضائیہ کا آئی ایل 78 طیارہ ویکسین لانے کے لئے نور خان ایئربیس سے چین جائے گا، کورونا ویکسین یکم فروری کو پاکستان پہنچے گی جبکہ پہلی کھیپ میں کورونا ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں خصوصی کنٹینر میں پاکستان لائی جائے گی۔ویکسین کی منتقلی کے لیے کنٹینر، کولڈ باکسز اور ڈرائی آئس وغیرہ ای پی آئی اور این ڈی ایم اے فراہم کرے گی، کورونا ویکسین ای پی آئی کے مرکزی کولڈ اسٹور میں خیرہ ہو گی،اور ای پی آئی سے کورونا ویکسین صوبوں کو روانہ کی جائے گی۔دوسری طرف وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کوروناویکسین کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوز کی فراہمی کا خط موصول ہوگیا وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں قوم کو بڑی خوشخبری سنادی۔انہوں نے کہاکہ کوویکس کی جانب سے کورونا ویکسین کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوز کی فراہمی کا خط موصول ہوگیا ہے، جو فروری سے ملنا شروع ہوجائیں گی۔اسد عمر نے کہا کہ 6 ملین ویکسین مارچ تک مل جائیں گی جبکہ تمام 17 ملین ڈوز 2021 کے پہلے
ہاف میں موصول ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ کوویکس سے کوویڈ ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ 8 ماہ پہلے کیا تھا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، اس حوالے سے شعبہ صحت سے وابستہ 4 لاکھ لوگ خود کو رجسٹرڈ کراچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔اسد عمر نے واضح طور پر کہا کہ سرکاری سطح پر کورونا ویکسین مفت میں لگائی جائے گی۔