اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کوروناویکسین کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوز کی فراہمی کا خط موصول ہوگیا وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں قوم کو بڑی خوشخبری سنادی۔انہوں نے کہاکہ کوویکس کی جانب سے کورونا ویکسین کی 1 کروڑ 70 لاکھ ڈوز کی
فراہمی کا خط موصول ہوگیا ہے، جو فروری سے ملنا شروع ہوجائیں گی۔اسد عمر نے کہا کہ 6 ملین ویکسین مارچ تک مل جائیں گی جبکہ تمام 17 ملین ڈوز 2021 کے پہلے ہاف میں موصول ہوجائیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ کوویکس سے کوویڈ ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا معاہدہ 8 ماہ پہلے کیا تھا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی، اس حوالے سے شعبہ صحت سے وابستہ 4 لاکھ لوگ خود کو رجسٹرڈ کراچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔اسد عمر نے واضح طور پر کہا کہ سرکاری سطح پر کورونا ویکسین مفت میں لگائی جائے گی۔دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا کیسز کی تعداد 10 کروڑ 26 لاکھ 29 ہزار سے بڑھ گئی ہے اور 22 لاکھ 16 ہزار 311 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔دنیا میں کورونا کے 7 کروڑ 43 لاکھ 25 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے اور 2 کروڑ 60 لاکھ 83 ہزار سے زائد زیر علاج ہیں۔امریکہ میں کورونا کی صورتحال سب سے خوفناک ہے جہاں 4 لاکھ 47 ہزار 459 اموات ہوچکی ہیں اور 2 کروڑ 65 لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔بھارت کورونا کیسز کے اعتبار سے دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے جہاں اموات کی تعداد
ایک لاکھ 54 ہزار 176 اور ایک کروڑ 7 لاکھ 33 ہزار سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔برازیل میں کورونا سے ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 22 ہزار 275 اور 91 لاکھ 19 سے زائد افراد متاثر ہیں۔روس میں 38 لاکھ 13 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں اور اموات کی مجموعی
تعداد 72 ہزار 185 ہے۔برطانیہ میں 37 لاکھ 72 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں اور ایک لاکھ سے 4 ہزار 371 اموات ہوچکی ہیں۔ فرانس میں 31 لاکھ 53 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 75 ہزار 620 جان کی بازی ہار چکے ہیں۔اسپین میں 28 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد متاثر اور 58 ہزار 319 اموات ہوئی ہیں۔ اٹلی میں بھی 25 لاکھ
29 ہزار افراد متاثر ہیں جبکہ 87 ہزار 858 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔پہلے پانچ کروڑ کیسز 356 دنوں میں رپورٹ ہوئے تھے جب کہ ا?خری پانچ کروڑ کیسز صرف اناسی روز میں رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس کا پہلا کیس 17 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوا تھا جس کے بعد 27 جون 2020 کو کیسز کی
تعداد ایک کروڑ ہوگئی تھی۔24 نومبر کو کورونا کیسز کی تعداد چھ کروڑ ہوئی تھی، دس دسمبر 2020 کو کیسز سات کروڑ تک پہنچ گئے تھے، 25 دسمبر کو کیسز کی تعداد آٹھ کروڑ ہو گئی، 9 جنوری کو کیسز نے نو کروڑ کا ہندسہ عبورکرلیا تھا اور 25 جنوری کو کیسز دس کروڑ سے بڑھ گئے تھے۔