لاہور( آن لائن )وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے نجی پراجیکٹ شوکت خانم میموریل ٹرسٹ ہسپتال کی تشہیر شرو ع کردی ، انہوں نے کہا کہ کراچی شوکت خانم ہسپتال پاکستان کا جدید ترین مرکز شفا ہوگا، ہسپتال کی تعمیر کا کام تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے، کورونا وبا کے باعث کام سست روی کا شکار ہوگیا تھا۔
انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کورونا وبا بحران کے دوران سست روی کے بعد کراچی میں شوکت خانم میموریل ٹرسٹ اسپتال کے تہہ خانے (بیسمنٹ)کی تعمیر کا کام عمدہ رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا یہ شوکت خانم سب سے بڑا اور پاکستان کا جدید ترین مرکزِ شفا ہوگا، انشااللہ واضح رہے کراچی میں پاکستان کا سب سے بڑا اور تیسرا شوکت خانم کینسر ہسپتال زیرتعمیر ہے، ہسپتال کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔منصوبے کی 13ارب روپے کی لاگت سے3 سال سے بھی کم عرصے میں تکمیل ہوگی۔ ہسپتال کی تعمیر کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ملک گیر فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔ کراچی ہسپتال بننے سے سندھ اور بلوچستان کے جنوبی حصے کی آبادی کو کینسر کے علاج کی باآسانی سہولیات میسر ہوں گی۔ یہ ہسپتال 20 ایکڑاراضی پرڈیفنس ہاسنگ اتھارٹی کے ڈی ایچ اے سٹی پروجیکٹ کے اندرواقع ہوگا۔اس منصوبے کی تعمیر 3سال میں 13 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کی جائے گی۔ ہسپتال میں افتتاح کے وقت ہی سے تمام کلینکل شعبہ جات فعال اور جدید ترین ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی۔ ہسپتال کی عمارت دس لاکھ مربع فٹ پر تعمیر کی جائے گی جبکہ لاہور میں شوکت خانم ہسپتال سے تقریبا دوگنا بڑا ہوگا۔ اس میں بیرونی مریضوں کے معائنے کے47 کمرے انہتر بستروں پر مشتمل کیموتھراپی کی سہولت، تقریبا 300 سو بستروں پر مشتمل ان پیشنٹ کی سہولت، 16 آپریشن تھیٹر اور انتہائی نگہداشت کیلئے24 کمرے موجود ہوں گے۔