بیجنگ(این این آئی)چین کی کمپنی سینوویک بائیوٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین بیماری کی روک تھام کے لیے 50.38 فیصد تک موثر قرار دی گئی ہے۔برازیل میں اس ویکسین کے حتمی مراحل کے نتائج جاری کیے گئے ہیں، جس میں اس کی افادیت ابتدائی نتائج سے نمایاں حد تک کم بتائی گئی ہے۔
بیماری کی روک تھام کے لیے اتنی افادیت ریگولیٹری منظوری کے لیے کافی ہے مگر ابتدائی نتائج میں اسے 78 فیصد تک موثر قرار دیا گیا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برازیلین حکومت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ساپالو کے بوتانتین انسٹیٹوٹ اور ساپالو حکومت کے مطابق سینوویک کی کووڈ ویکسین کلییکل ٹرائل میں مجموعی طور پر 50.38 فیصد تک موثر ثابت ہوئی۔ٹرائل کے مطابق یہ ویکسین بیماری کی معمولی شدت کے کیسز روکنے میں 78 فیصد اور معتدل و سنگین کیسز کی روک تھام میں سو فیصد موثر رہی۔اس ویکسین کی افادیت کی مجموعی شرح عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ 50 فیصد سے زیادہ ہے۔حیران کن طور پر گزشتہ ہفتے بوتانتین انسٹیٹوٹ نے جزوی نتائج میں کہا تھا کہ یہ ویکسین بیماری کی روک تھام کے لیے 78 سے سو فیصد تک موثر ہے۔برازیل کی 8 ریاستوں میں 13 ہزار طبی ورکرز کو اس ویکسین کے ٹرائل کا حصہ بنایا گیا تھا۔