لاہور(یواین پی)سردیوں میں مختلف بیماریاں انسان کو گھیر لیتی ہیں جن میں نزلہ، زکام، کھانسی، گلے میں درد عام ہیں لیکن صحت مند غذا کے ذریعے نہ صرف ان بیماریوں سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے بلکہ سردی سے صحت پر پڑنے والے منفی اثرات سے بھی بچا جاسکتا ہے بس آپ کو سردی کے موسم میں ان 5 چیزوں کو اپنی غذا کا حصہ بنانا ہے۔
شملہ مرچ
وٹامن سی کی کمی سے انسانی جسم نہ صرف تھکاوٹ کا شکار ہوجاتا ہے بلکہ مدافعتی نظام پر بھی بہت برے اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم وٹامن سی سے بھرپور پھل جیسے کینو، مالٹا، گریپ فروٹ اور موسمی وغیرہ جسم میں ہونے والی کمی کو پورا کردیتے ہیں۔پھلوں کے علاوہ شملہ مرچ ایسی سبزی ہے جس میں کینو اور مالٹے سے تین گنا زیادہوٹامن سی موجود ہوتی ہے لہٰذا سردیوں میں اپنی غذا میں شملہ مرچ کا اضافہ کرلیں اس سے آپ کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
بھاپ میں پکی ہوئی مچھلی
سردیوں میں جلد (اسکن) کی بیماریاں ہونا عام بات ہے۔ ٹھنڈک کے باعث ہماری جلد خاص طور پر ہاتھوں اور چہرے کی جلد بری طرح متاثر ہوتی ہے لیکن بھاپ میں پکی ہوئی مچھلی جلد کی بیماریوں سے لڑنے میں بہت مددگار ثابت ہوتی ہے۔جلدی بیماریوں کے علاوہ مچھلی دل و دماغ اور آنکھوں کی بیماریوں کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔ اس میں موجود اومیگا 3 اور اومیگا 6 فیٹی ایسڈز جسم کی اندرونی بیماریوں سے لڑنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
مشرومز۔۔۔کھمبی
مشرومز عموماً مغربی کھانوں میں استعمال ہوتے ہیں ہمارے یہاں مشرومز کو کھانوں میں زیادہ استعمال نہیں کیا جاتا۔مشرومز میں قدرتی طور پر ایسی خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جراثیم کش ہوتی ہیں اور سردیوں میں انفیکشن پیدا کرنے والے جراثیم سے لڑتی ہیں۔ مشرومز میں وٹامن ڈی بھی بکثرت پایا جاتا ہے جو ہمارے مدافعتی نظام کو طاقت ور بناتا ہے۔
مچھلی کا تیل
سردی کے موسم میں جسم کا جو حصہ سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے وہ ہیں پھیپھڑے یا تنفس کا نظام۔ سردیاں شروع ہوتے ہی سینے کی جکڑن اور سانس لینے میں تکلیف جیسے امراض جنم لینے لگتے ہیں جس سے بچے اور بڑے غرض ہر عمر کے افراد متاثر ہوتے ہیں۔مچھلی کا تیل ان بیماریوں سے لڑنے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس میں اومیگا 3 اور اومیگا 6 وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں، اومیگا 3 سانس لینے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔