ملتان(یواین پی)اپنی غذا میں انگور کو شامل کرکے آپ دماغی صحت پر مثبت اثرات مرتب کرسکتے ہیں کیونکہ اس پھل میں ہائے جانے والے اجزاء ڈپریشن جیسے ذہنی عارضے سے بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ایشکن اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ انگور میں موجود قدرتی اجزاء ڈپریشن کی سطح کم کرتے ہیں۔تحقیق کے مطابق انگور میں موجود پولی فینولز مرکب ان دماغی حصوں کے ورم کو ہدف بناتے ہیں جو ڈپریشن اور ذہنی تشویش کا باعث بنتے ہیں اور موجودہ دور میں کروڑوں افراد اس کے شکار ہیں۔تحقیق میں بتایا گیا کہ اس وقت دستیاب سکون آور ادویات دماغ کے مخصوص میں ورم کی روک تھام میں زیادہ مددگار ثابت نہیں ہوتیں بلکہ ان حصوں کو ہدف بناتی ہیں جو کہ سیروٹونین، ڈوپامائن اور دیگر نیورو ٹرانسمیٹرز کو ریگولیٹ کرتے ہیں۔اس سے قبل ماضی میں یہ بات سامنے آچکی تھی کہ انگور میں موجود پولی فینولز ڈپریشن کے حوالے سے فائدہ مند ثابت ہوتے ہیں، مگر اس کی وجہ سامنے نہیں آسکی تھی۔اس نئی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ انگور میں موجود بائیو ایکٹیو غذائی پولی فینول ڈپریشن کا باعث بننے والے ذہنی تنائو کے خلاف موثر مزاحمت کا باعث بنتا ہے۔چوہوں پر اس حوالے سے کیے جانے والے تجربات میں کامیابی ہوئی اور محققین نے دریافت کیا کہ انگور کے دو اجزا ڈپریشن کے خلاف موثر طریقے سے مزاحمت کرتے ہیں۔