بدین (این این آئی)بدین ضلع کے 5 بڑے ہسپتالوں میں آئی سی یو وارڈ اور وینٹیلیٹرز کی سہولت میسر نہ ہونے کے سبب کورونا کے کئی مریض دم توڑ گئے۔تفصیلات کے مطابق اٹھارہ لاکھ سے زائد آبادی پر مشتمل ضلع بدین میں کورونا وائرس میں مبتلا 17 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ جان کی بازی ہار جانے والوں میں سینئر صحافی حنیف زئی سمیت دیگر ایسے افراد شامل ہیں
جو بدین میں وینٹی لیٹر کی سہولت نہ ملنے کے باعث کراچی میں یا حیدرآباد کے ہسپتالوں میں دم توڑ گئے۔کورونا کی دوسری لہر کے دوران گزشتہ دو ماہ میں 600 سے زائد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع کے 5 بڑے اسپتالوں میں نہ تو آئی سی یو وارڈ ہیں اور نہ ہی وینٹیلیٹرز کی سہولت میسر ہے۔بدین میں کورنا وائرس سے 17 افراد کی ہلاکت کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کسی قسم کے اقدامات سامنے نہ آئے جس کی وجہ سے مریض حیدرآباد اور کراچی جانے پر مجبور ہوگئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسربدین بھی اعتراف کر چکے ہیں کہ بدین کے سرکاری اسپتالوں میں وینٹٰی لینٹرز کی سہولت نہیں۔شہریوں نے کہاکہ سندھ حکومت کی جانب سے کروڑوں روپے کے بجٹ جاری ہونے کے باوجود بدین کے سرکاری ہسپتال بنیادی طبی سہولتوں سے محروم ہیں، آئی سی یو وارڈ سمیت طبی سہولتیں فراہم کر کے شہریوں کو زندگی کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے۔