کراچی(این این آئی) سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ کراچی 7 ماہ سے بند ہونے کا انکشاف ہواہے،عدالت نے ایک ہفتے کے اندر سندھ حکومت کو فنڈز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ صحت سے 26 نومبر تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔تفصیلات کے مطابق سندھ
گورنمنٹ چلڈرن اسپتال نارتھ کراچی 7 ماہ سے بند ہونے کا انکشاف ہواہے،پیرکوسندھ ہائیکورٹ میںاسپتال کے فنڈز جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سندھ حکومت نے 2018 سے اسپتال کے فنڈ جاری نہیں کیے جس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کے چیف سیکرٹری نے تو فنڈ ریلیز پر دستخط بھی کر دیئے ہیں،عدالتی حکم پر ہی یہ سب کچھ ہوا ہے،اب آپ کیا چاہتے ہیں، کیا ہونا چاہئے، عدالتی استفسار پر درخواست گزار نے بتایا کہ فنڈ جاری کرنے کے لیے سمری پر دستخط تو ہوئے لیکن جاری نہیں ہوئے،سندھ حکومت نے صرف 200 ملین کی سمری منظور کرلی ہے جبکہ ان کو 2.3بلین دینے تھے،300 کے قریب اسٹاف ہے، 7 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی گئیں ہیں، یہ کراچی کا دوسرا بڑا بچوں کا اسپتال ہے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ سمری 10 تاریخ کو منظور ہوگئی تھی آج 16 تاریخ ہے،6 دن کے مختصر وقت میں کیسے فنڈز جاری ہوسکتا ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بنیادی کام بچوں کے علاج کا مسئلہ ہے، علاج کا سلسلہ جاری رکھے بعد میں سب کچھ دیکھا جائے گا۔عدالت نے ایک ہفتے کے اندر فنڈز جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے محکمہ صحت سے 26 نومبر تک پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔