نیویارک(این این آئی)عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے ماں پر زور دیا ہے کہ وہ اگر کورونا وائرس کا شکار ہیں تو بھی اپنے بچوں کو دودھ پلاتی رہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہانم کا کہنا تھا کہ ڈبلیو ایچ او نے تحقیق کی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ بچے کووڈ 19 سے نسبتاً کم خطرے میں ہیں لیکن وہ دیگر بے شمار بیماریوں کے زیادہ خطرے میں ہیں جن سے ماں کا دودھ ملنے کی صورت میں بچا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ جو میسر شواہد ہیں ان کی روشنی میں ڈبلیو ایچ او نے تجویز دی ہے کہ دودھ پلانے کے فوائد کووڈ 19 کی منتقلی کے کسی بھی ممکنہ خطرے سے کہیں زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ماں جو کورونا کی مصدقہ یا مشتبہ مریضوں میں شامل ہیں کی اس پر حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو دودھ پلاتی رہیں اور جب تک ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب نہ ہو اپنے بچوں سے الگ نہ ہوں۔