کراچی (این این آئی)ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی ہدایات پر انسانی جذبے کے پیش نظر کراچی پولیس کے کورونا وائرس سے متاثر ہوکر صحتیاب ہونے والے افسران و جوانوں کی جانب سے پلازمہ عطیہ کرنے کے سلسلہ شروع کردیا گیا۔ قومی ادارہ برائے امراض خون کے سربراہ ڈاکٹر طاہر شمسی نے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ڈاکٹر طاہر شمسی نے پولیس افسران و جوانوں کی جانب سے پلازمہ کے عطیہ پر کراچی پولیس کا شکریہ ادا کیا اور جذبہ کو سراہا۔ کراچی پولیس چیف کی جانب سے پلازمہ عطیہ کرنے والے اہلکاروں کو فی کس 10 ہزار روپے اور تعریفی اسناد دینے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ کراچی پولیس کے افسران و جوانوں نے قدرتی آفات سمیت ہر مشکل حالات میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے کردار ادا کیا، صوبائی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لئے کراچی پولیس اپنے فرائض سرانجام دے رہی ہے ،کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے کراچی پولیس کے 6 افسر و جوان شہید ہوچکے ہیں، اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران 250 افسران و جوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، کورونا وائرس سے متاثرہ 40 سے زائد پولیس افسر و اہلکار بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے باعث صحت یاب ہوکر اپنے فرائض کی ادائیگی میں مصروف ہیں۔