پشاور(این این آئی) حکومت کی جانب سے حالیہ کورونا وباء کے دوران سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں وفات پانے والے اورسیز پاکستانیوں کی میتوں کو وطن لانے کے لئے خصوصی پروازیں شروع کرنے کے بعد الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوانے پشاور ایئر پورٹ پہنچنے والی پروازں کے زریعے لائی گئی میتوں کو آبائی علاقوں تک پہنچانے کے لئے الخدمت ایمبولینس سروس کی سہولت فراہم کر دی ہے جبکہ اگلے چند روز تک مزید پروازوں کے زریعے پشاور پہنچنے والی میتوں کو بھی الخدمت
ایمبولینس سروس کے زریعے ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کیا جائے گا۔الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخواکے صدر خالد وقاص نے کہا ہے کہ اورسیز پاکستانی ملک کی ترقی میں گرانقدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں حالیہ کورونا وباء کے دوران جہاں زندگی کے دیگر شعبوں سے وابستہ افراد متاثر ہیں وہاں دنیا بھر کے مختلف ممالک میں بیرون ملک مقیم اورسیز پاکستانی گزشتہ تین ماہ سے اس مشکل صورتحال میں دہری مشکلات سے دوچار تھے انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن بھر پور کردار اداکریں گی۔