اسلام آباد (این این آئی)ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 4 ڈاکٹرز بھی جان کی بازی ہار گئے۔پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی نجی ہسپتال کی لیڈی ڈاکٹر ثنا فاطمہ کورونا سے انتقال کرگئیں جن کی عمر 39 سال تھی۔خاندانی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ثنا فاطمہ پیتھالوجسٹ تھیں اور
کئی دنوں سے کورونا کے مرض میں مبتلا تھیں۔گوجرانوالہ میں بھی سینئر ڈاکٹر و ماہر نفسیات ڈاکٹر نعیم اختر بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔خیبر پختونخوا میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر خانزادہ بھی انتقال کرگئے ، بلوچستان کے شہر کوئٹہ میں بی ایم سی ٹراما سینٹر کے انچارج ڈاکٹر زبیراحمد بھی جان سے گئے۔اس کے علاوہ ڈاکٹروں اور طبی عملہ بھی کورونا سے متاثر ہورہا ہے۔ جنرل ہسپتال لاہور کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر محمود صلاح الدین بھی کورونا سے متاثرہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں کے 50 ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 59 افراد بھی کورونا کے مریض بن گئے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق کئی ڈاکٹرز گھروں میں قرنطینہ ہیں جس سے اہلخانہ بھی متاثر ہوسکتے ہیں لہٰذا متاثرہ ڈاکٹروں کیلئے ہسپتال میں الگ قرنطینہ قائم کیا جائے۔