لندن (این این آئی)برطانیہ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی آزمائش کے دوسرے مرحلے میں بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو بھی شامل کر لیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق یونیوسٹی آف آکسفورڈ کی یہ آزمائش اپریل میں شروع ہوئی تھی اور اس میں 55 سال یا اس سے کم عمر کے بالغ افراد پر آزمائش کی جا رہی تھی۔اب تحقیق میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کو شامل کر لیا گیا ہے۔
ان میں ایسے افراد بھی ہیں جن کی عمر 70 سال سے زیادہ یا پانچ سے 12 سال کے درمیان ہے۔ آزمائش میں دیکھا جائے گا کہ آیا یہ ویکسین ان کی قوت مدافعت کو وائرس سے بچاؤ کے لیے مضبوط کرتی ہے۔برطانوی حکومت نے کہا کہ اگر یہ آزمائش کامیاب رہی تو ستمبر تک تین کروڑ ویکسین تیار کر لی جائیں گی۔حکومت نے اس کے لیے 15 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے اور ایک دوا ساز کمپنی سے اشتراک کیا ہے جو عالمی سطح پر اس کا لائسنس رکھے گی۔تاہم حکومت نے متعدد بار کہا کہ اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ یہ ویکسین کامیاب ہوگی۔بعض ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی دریافت اور پیداوار میں 12 سے 18 ماہ لگ سکتے ہیں۔