حافظ آباد(این این آئی)ایک خاتون ڈاکٹر سمیت سات سینئر ڈاکٹرز اور چار پیرا میڈیکل سٹاف میں کورونا کی تشخیص ہو گئی۔کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں لیگی ایم پی اے ڈاکٹر مظفر علی شیخ کا بیٹاڈاکٹر مدثر بھی شامل ہے۔دیگر ڈاکٹروں میںڈاکٹر محمد یٰسین، ڈاکٹر عابد مغل، ڈاکٹر نورین، ڈاکٹر ذوہیب، ڈاکٹر عرفان اورڈاکٹر ہاشم شامل ہیں۔
چیف آفیسرہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب کا کہناہے کہ کورونا وائرس کا شکارتین ڈاکٹرزڈ ی ایچ کیو ہسپتال ، ایک ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں اور تین ڈاکٹرزپرایئویٹ ہسپتالوں میںکام کر رہے ہیں۔ حافظ آباد میں کورونا کے اب تک 140 پازٹیوکیسیز رپورٹ ہوچکے ہیںجن میں سے 49مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں میں جا چکے ہیں جبکہ 40مریض ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں ، 2ٹی ایچ کیو ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں اور باقی مریض اپنے گھروں میں آئسو لیٹ ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اور پنجاب حکومت نے ڈاکٹروں کی حفاظت کے لیے وافر سامان دیاہے اور کورونا کی ڈیوٹی کرنے والے تمام افرا دکے پاس حفاظتی سامان موجود ہے۔اُنہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافہ انتہائی تشویشناک ہے۔ عوام بازاروں میں اور رش والی جگہوں سے پرہیز کرتے ہوئے محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں اور گھروں میں ہی رہیں۔عوام کا غیر سنجیدہ رویہ اور لا پرواہی کورنا وائرس کے پھیلائو کا سبب بن سکتی ہے۔