اسلام آباد (این این آئی)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر ایسے افراد جن میں علامات ظاہر ہی نہ ہوئی ہوں یا پھر جن میں تھوڑی سے علامات ظاہر ہوں وہ پریشانی کے بغیر روزہ رکھ سکتے ہیں۔بقائی انسٹیٹیوٹ آف ڈائیابٹالوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی میں ہونے والی ایک آن لائن کانفرنس میں طبی ماہرین نے بتایا کہ اگر کورونا سے متاثر کوئی بھی شخص یہ سمجھتا ہے کہ اسے روزے سے
کوئی تکلیف نہیں ہوگی تو اسے روزہ رکھنا چاہیے، کیوں کہ ایسے کوئی شواہد نہیں ہے کہ روزہ رکھنے سے کورونا کی علامات میں شدت آتی ہے۔مذکورہ کانفرنس میں متعدد مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی اور انہوں نے بھی اسلامی تعلیمات کے مطابق بیمار افراد کے روزے رکھنے یا نہ رکھنے کے حوالے سے سوالوں کے جوابات دیے اور کہا کہ کسی بھی بیمار شخص کو اپنے طبی ماہرین، اپنے مرض اور صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے روزے رکھنے کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ماہرین صحت کے مطابق جن افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے مگر ان میں کسی طرح کی علامات نہیں یا پھر ان میں تھوڑی سی علامات ہیں تو بھی وہ پریشانی کے بغیر روزہ رکھ رکھ سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق مثبت ٹیسٹ والے افراد کو گھروں تک ہی محدود رہنا چاہیے، تاہم وہ روزہ رکھ سکتے ہیں تام روزے کے دوران اگر انہیں کسی طرح کی پریشانی ہو یا پھر انہیں محسوس ہو کہ ان کی علامات میں شدت آ رہی ہے تو وہ طبی ماہرین سے ضرور رجوع کریں۔