اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں دو کرونا وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد N-95 اور سرجیکل ماسک کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق حفاظتی سامان کی قلت سے ڈاکٹرز،ہسپتال کا عملہ اور عوام میں خوف وہراس بڑھ گیا،شہریوں کی مختلف میڈیکل سٹورز،فارمیسی کے باہر لمبی قطاریں لگ گئیں ،ماسک نایاب ہونے سے عوام خوار ہوگئے،فارمسسٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بحران کی زمہ داری
ڈریپ اور وزارتِ صحت پر ڈال دی گئی،فارمسسٹ ایسوسی ایشن نے بحران کی تحقیقات کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان کو ایک بار پھر خط لکھ دیا۔ خط میں کہاگیاکہ ڈریپ کی جانب سے 20 ملین سے زائد ماسک بیرون مْلک بطور امداد بھیجے گئے، اتنی بڑی تعداد میں ماسکس بیرون مْلک جانے کے باعث شدید بحران سامنے آیا، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف،نرسز کو بھی حفاظتی سامان میسر نہیں۔